بنگلورو،12؍اگست (ایس او نیوز) ریاست کی راجدھانی بنگلور اس وقت ہائی الرٹ پر ہے۔پچھلے5دنوں کے دوران کووڈ۔19ٹسٹ سے پتہ چلا ہے کہ19سال سے کم عمر کے کم از کم242بچے کووڈ پازیٹیو ہیں۔بنگلور کے بلدی ادارہ بی بی ایم پی سے جاری ڈاٹا کے مطابق5اگست اور 10اگست کے درمیان کئے گئے ٹسٹ سے پتہ چلا ہے کہ 10سال سے کم عمر کے کم ازکم106بچے کووڈ کا شکار ہیں۔ان 5دنوں کے دوران ٹسٹ سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ 10برس اور 19برس کی عمر کے درمیان کے 136بچے بھی کووڈ پازیٹیو ہیں۔اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے انتباہ کیا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں زیادہ بچے کووڈ سے متاثر ہوں گے اور ریاست میں حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔بچوں کو دئے جانے والے ویکسین کو ہندوستان میں ابھی منظوری نہیں ملی ہے۔ایسے وقت میں بنگلور میں زیادہ بچے متاثر ہورہے ہیں۔ماہرین نے وارننگ دی ہے کہ بنگلور میں بچوں کے لئے خطرہ بڑھ رہا ہے۔یہ اس لئے ہورہا ہے کیونکہ ہندوستان میں بچوں کو ابھی ویکسین لگایا نہیں جارہا ہے۔حالانکہ اسٹیڈی میں یہ کہا گیا تھا کہ بڑوں کے مقابلہ بچوں کو کورونا زیادہ متاثر نہیں کرے گا۔ لیکن حالات اس کے برعکس ہیں۔ تیسری لہر کی ابتداء ہی میں بنگلور میں اتنے زیادہ بچے متاثر ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بنگلورو میں اگلے تین دنوں میں کووڈ متاثر بچوں کی تعداد تین گنا زیادہ ہوجائے گی۔بنگلور والوں کے لئے یہ سب سے بڑا خطرہ ہے۔اس لئے بچوں کو گھروں سے باہر نکلنے نہ دینے اور تمام کووڈ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کروانے کی ماہرین نے ہدایت دی ہے۔دریں اثناء بنگلور کی پولیس نے لوگوں کی نقل وحرکت کا جائزہ لینے اور وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے شہر میں دفعہ 144نافذ کردیا ہے۔